حکومت کا جہاز بنانے والے فیاض کیلئے بڑا اعلان

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ محمد فیاض کو اس کا جہاز واپس کیا جائے گا۔اس حوالے سے پاک پتن پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم فیاض کے ٹیلنٹ کی قدر کرتے ہیں جہاز کو فیاض کی حفاظت کیلئے قبضے میں لیا گیا تھا۔ہم نے ضابطے کے مطابق کاروائی کی ہے اور ایسی بات نہیں کہ جہاز پولیس سٹیشن میں کھڑا رہے گا۔قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد فیاض کو جہاز واپس کر دیا جائے گا۔ترجمان پولیس نے مزید کہا کہ ہم نے فیاض پر کسی قسم کا تشدد نہیں کیا جبکہ دوسری جانب جہاز بنانے والا پاک پتن کا ہنر مند نوجوان محمد فیاض اپنا طیارہ پولیس کی تحویل میں ہونے پر تاحال پریشان ہے۔


فیاض کا کہنا ہے کہ پولیس نے میرا جہاز پرزے پرزے کر کے ٹرالی پر رکھا تھا۔میں جہاز کی حوالگی کیلئے پولیس سٹیشن بھی گیا تھا لیکن میرے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں کیا گیا۔فیاض نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ جہاز کا نا کوئی انجن نمبر ہے اور نا رجسٹریشن نمبر ہے تو ہم آپ کو یہ کیسے واپس کر سکتے ہیں۔اس حوالے سے میڈیا نے جب مقامی تھانے کے ایس ایچ او سے رابطہ کیا تو انہوں نے موقف دینے سے انکار کر دیا۔


یاد رہے کہ پاک پتن میں محنت کش نوجوان کو چھوٹا طیارہ بنانا اس وقت مہنگا پڑ گیا جب یکم اپریل کو فیاض اپنا طیارہ اڑانے کیلئے گھر سے نکلا تو پولیس نے نا صرف محمد فیاض کو گرفتار کر لیا تھا بلکہ اس کا جہاز بھی قبضے میں لے کر اس کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز محمد فیاض نے آرمی چیف سے اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ میرا جہاز واپس دلوائیں۔

Leave comment

Your email address will not be published. Required fields are marked with *.